ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ حکومت کی ایک سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کردی، جس میں بتایا گیا ہے کہ ہزاروں طلبہ کو گریجویٹس کرا چکے جبکہ چار لاکھ گھر مکمل ہو چکے۔
سندھ حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، ارکانِ اسمبلی، بیوروکریٹس، سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔
مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جو بھی کچھ کرتے ہیں وہ قیادت کے وژن کے مطابق کرتے ہیں، سندھ حکومت نے ڈیجیٹلائزیشن پر فوکس کیا ہے، جب ہم پڑھتے تھے تو اس وقت ٹیکنالوجی پرانی تھی اب دور تبدیل ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ہاری کارڈ کا اجراء کیا، ہاریوں کو ڈیجیٹل کے ذریعے رجسٹرڈ کیا گیا، پچھلے ایک سال میں 28 ارب روپے ہم کسانوں کو دے چکے ہیں جبکہ ہزاروں طلبہ کو گریجویٹس کرا چکے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے ایک سال میں 196 نئی روڈز سکیمیں دیں، ٹوٹل 2500کلو میٹر روڈ بنائے، 14 عمارتوں کو سولرائز کرچکے ہیں، اس اقدام سے سرکاری عمارتوں پر 80 فیصد کم یونٹ استعمال کیے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا، جنہوں نے گندم کی ہر بوری چیک کی، ابھی جو گندم موجود ہے وہ بہت اچھی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت رواں سال گندم نہیں خریدے گی، ہمارے پاس 1.3 ملین ٹن گندم موجود ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گیارہ لاکھ بینک اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں، جبکہ چار لاکھ گھر مکمل ہو چکے ہیں، ورلڈ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منصوبے کو انتہائی شفاف قرار دیا۔
