ویب ڈیسک: ٹل سے پاراچنار آج ایک اور قافلہ روانہ کیا جائیگا، جس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ انجمن تاجران نے کہا ہے کہ عوام کی ضروریات پورا کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ گاڑیوں کی روانگی کی ضرورت ہے.
سرکاری ذرائع کے مطابق ٹل سے پاراچنار آج ایک اور قافلہ روانہ کیا جائیگا، یہ رمضان المبارک کیلئے دوسرا تجارتی قافلہ ہے، قافلہ میں اشیائے خوردونوش، پھل اور سبزی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہوں گی۔ ٹریڈ یونین پاراچنار کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہنگو میں گزشتہ دو ماہ سے رکی ہوئی گاڑیوں کو پاراچنار کی جانب روانہ کیا جائے گا، رمضان المبارک میں یہ دوسرا تجارتی قافلہ ہے جو اپر کرم کیلئے روانہ کیا جا رہا ہے۔
انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ عوام کی ضروریات پورا کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ گاڑیوں کی روانگی کی ضرورت ہے، زمہ دار افراد بحفاظت قافلہ کو پاراچنار پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ پولیس ذرائع کے مطابق قافلہ کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، کوئی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس اور فورسز کا ڈپلائمنٹ ہوچکا ہے۔
