فلسطینی کو کوئی نہیں نکال رہا

غزہ سے کسی فلسطینی کو کوئی نہیں نکال رہا، ڈونلڈ ٹرمپ

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بڑا یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ سے کسی فلسطینی کو کوئی نہیں نکال رہا، انہیں کوئی اپنے علاقے سے بے دخل نہیں کر رہا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئرش وزیراعظم مائیکل مارٹن کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہا ہے کہ غزہ سے کسی فلسطینی کو کوئی نہیں نکال رہا، سینیٹ میں اقلیتی لیڈر چک شومر پہلے یہودی تھے، لیکن اب وہ مکمل فلسطینی بن چکے ہیں۔
قبل ازیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کو امریکی ملکیت میں لینے، فلسطینیوں کو بے دخل کرنے اور غزہ کو جدید ترین اور ماڈرن بستی کے روپ میں ڈھالنے سے متعلق منصوبے کا اظہار کیا تھا، جس کی اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے بھی ستائش کی گئی تھی۔
دوسری طرف عالمی برادری نے ٹرمپ کے اس منصوبے کو مسترد کردیا تھا، مصر، اردن اور خلیجی ممالک کی جانب سے اس طرح کے کسی بھی منصوبے پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ایسا کوئی بھی منصوبہ پورے خطے کو غیرمستحکم کر دے گا۔
عرب ریاستوں کی جانب سے امریکی منصوبہ مسترد کرتے ہوئے غزہ کی تعمیر نو کے لیے 53 ارب ڈالر کے مصری منصوبے کی توثیق کی گئی، تاکہ فلسطینیوں کو علاقے سے بے دخل ہونے سے بچایا جا سکے۔

مزید پڑھیں:  پشاور: ارمڑ دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا