جعفر ایکسپریس پر حملہ کے پیچھے

جعفر ایکسپریس پر حملہ کے پیچھے بھارت ہے، دفتر خارجہ

ویب ڈیسک: بلوچستان میں ٹرین پر ہونے والے دہشت گرد حملہ کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ کے پیچھے بھارت ہے۔ پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردارنہ کارروائیوں کا ذمہ دار بھارت ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ کے پیچھے بھارت ہے، یہ ٹرین حملہ ملک سے باہر دہشت گردوں کا پلان تھا، افغان حکومت پر زور دیتے ہیں کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے اور پاکستان کے ساتھ تعاون کرے۔
ہم نے ابھی جعفر ایکسپریس دہشتگردی پر ریسکیو آپریشن مکمل کیا ہے، جعفر ایکسپریس پر حملہ بھی بیرون ملک بیٹھی قیادت نے کروایا اور جعفر ایکسپریس ٹرین دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے۔ اس سانحہ میں دہشت گردوں کے بیرون ممالک رابطے تھے جبکہ اس واقعے کے دوران ٹریس شدہ کالز میں افغانستان سے رابطوں کا سراغ ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن دہشتگردی بنیادی مسئلہ ہے۔ دہشتگردوں کی افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں ہیں، پاکستان بارہا افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کرتا چلا آیا ہے کہ بی ایل اے جیسے دہشتگرد گروپوں کو اپنی سرزمین کے استعمال سے روکے، پاکستان اپنی سرحدوں کے باہر سے پلان کی جانے والی دہشتگردی کا شکار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم سفارتی رابطوں کو اس طرح پبلک فورم پر بیان نہیں کرتے، لیکن ماضی میں بھی ہم ایسے واقعات کی مکمل تفصیلات افغانستان کے ساتھ شئیر کرتے رہے ہیں، یہ ایک مسلسل عمل ہے۔ افغانستان پر ہماری بنیادی ترجیح دوستانہ اور قریبی تعلقات کا فروغ ہے، اس سمت میں تعلقات کا تسلسل اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ہمارے لیے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، ہمارے کئی دوستوں سے ہمارا انسداد دہشتگردی پر تعاون موجود ہے، جبکہ بھارتی حکام کی جانب دو کشمیری تنظیموں کو غیر قانونی قرار دینے کی مذمت کرتے ہیں، اور بھارت پر زور دیتے ہیں کہ کشمیری سیاسی جماعتوں پر عائد پابندیاں ہٹائے، بھارت نے عوامی ایکشن کمیٹی اور جموں و کشمیر اتحاد المسلمین‘ کو پانچ سال کے لیے غیر قانونی ایسوسی ایشن قرار دیا ہے۔
امریکا کی جانب سے پاکستان پر سفری پابندیوں کے معاملے پر درعمل دیتے ہوئے شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ سفری پابندیوں سے متعلق میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں، تاہم یہ ابھی تک صرف قیاس آرائیاں ہیں ، امریکا میں ہمارا سفارتخانہ امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے، اس بارے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی جانب سےفلسطینیوں کیلئے امدادروکنے کے عمل کی مذمت کرتا ہے، اسرائیلی اقدام کا مقصد امدادی تنظیموں کی سرگرمیوں کوروکنا ہے، عالمی برادر ی اسرائیلی مظالم کو روکنے میں اپنا کردارادا کرے۔

مزید پڑھیں:  دہشتگردی خطرے کے پیش نظر کارکنان کی مولانا سے عید ملن پر پابندی