اعظم سواتی کو 15 اپریل تک

پشاورہائیکورٹ: اعظم سواتی کو 15 اپریل تک گرفتار نہ کرنے کا حکم

ویب دیسک: پشاورہائیکورٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کو 15 اپریل تک گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اعظم سواتی کے مقدمات کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ درخواست گزار کو پہلے بھی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ اب آپ تفصیلات نہیں دیں گے؟ جس پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم تفصیلات دیں گے، لیکن پہلے فراہم کر چکے ہیں، اب یہ دوبارہ آئے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے آپ کو نوٹس کیا تھا، آپ کو چاہیے تھا کہ آج رپورٹ جمع کراتے، آپ کو وقت دیتے ہیں، ان کے خلاف مقدمات کی رپورٹ آئندہ سماعت پر جمع کرائیں۔ بعدازاں پشاور ہائیکورٹ نے اعظم سواتی کو 15 اپریل تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان :ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ