ویب ڈیسک: سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا معاملہ عمران خان کے سامنے لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکتان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کی جانب سے ملکی مفادات کے خلاف پارٹی کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے غیرذمہ دارانہ استعمال کا معاملہ بانی پی ٹی آئی کے روبرو لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی اجلاس میں اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پارٹی کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے غیرذمہ دارانہ استعمال پر تشویش کا اظہار کیا گیا، اس کے ساتھ ہی یہ معاملہ عمران خان کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ساتھ ہی اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جیل میں عمران خان سے پارٹی کے سینئر رہنما ملاقات کریں گے تاکہ اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے، اور انہیں مخصوص سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا غلط استعمال روکنے کیلئے نگرانی کا طریقہ کار نافذ کرنے پر آمادہ کیا جا سکے۔
پارٹی کے سینئر رہنماوں کی جانب سے بھی اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سخت کنٹرول ضروری ہے، پارٹی رہنماؤں کو یہ شکایت بھی ہے کہ پارٹی کے آفیشل اکاؤنٹس پر ان کے کئی بیانات اور پریس کانفرنسز کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
