ویب ڈیسک: نئی ویزا پالیسی کے ساتھ ساتھ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے نئی سفری پابندیاں عائد کرنے پر بھی غور شروع کردیا گیا ہے، جس کے تحت 43ممالک پر امریکی دروازے بند ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے، امریکی اتنظامیہ کی جانب سے جاری 43ممالک کی فہرست میں پاکستان بھِی شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ نے سفری پابندیوں کی فہرست جاری کر دی ہے جس کے مطابق اس فہرست میں شامل ممالک کو تین مختلف گروپس میں تقسیم کیِا گیا ہے، 43ممالک پر سفری پابندیوں کی اس فہرست کے پہلے گروپ میں افغانستان، ایران، شام، کیوبا اور شمالی کوریا سمیت متعدد ممالک شامل ہیں، اس گروپ میں شامل ممالک پر مکمل سفری پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
سفری پابندیوں کا شکار ہونے والے دوسرے گروپ میں اریٹریا، ہیٹی، لاؤس، میانمار اور جنوبی سوڈان شامل ہیں، اس گروپ میں شامل ممالک کے سیاحتی اور سٹوڈنٹس ویزا معطل ہوں گے، تاہم اس لسٹ میں شامل ممالک کے کاروباری مسافروں کو امریکا میں داخلے کی مشروط اجازت دیئے جانے کا امکان ہے۔
ویزہ مسائل کی وجہ سے امریکہ نے جن ممالک پر پابندی کا پلان ترتیب دیا ہے، اس فہرست کے تیسرے گروپ میں بیلاروس، پاکستان اور ترکمانستان سمیت 26 ممالک شامل ہیں، ان ممالک کو تنبیہ کی جائے گی کہ 60 دنوں میں نظام میں بہتری نہ لائے تو جزوی ویزا معطلی کا شکار ہوں گے۔
یاد رہے کہ نئی ویزہ پالیسی کے تحت ٹرمپ انتظامیہ نے نئی سفری پابندیاں عائد کرنے پر غور شروع کردیا ہے، جس کے تحت 43ممالک پر امریکی دروازے بند ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے، ان ممالک میںپاکستان کا نام بھی شامل ہے.
