ویب ڈیسک: جعفرایکسپریس حملہ کے شہداء کیلئے حکومت کا بڑا اعلان، وفاقی وزیر ریلوے کی جانب سے سانحہ کوئٹہ میں شہداء لواحقین کو فی کس 52لاکھ روپے دینے سمیت شہداء کے بچوں کو ریلوے میں نوکری دینے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ پولیس کانسٹیبل اور مکینکل ریلوے ملازم شہید ہوئے، سانحہ کوئٹہ میں شہداء لواحقین کو فی کس 52لاکھ روپے دیں گے، اور ان کے بچوں کو ریلوے میں بھرتی کروائیں گے۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ سانحہ جعفر ایکسپریس کی دہشت گردی پاکستان میں پنپ رہی ہے، پاکستان ایٹمی ملک ہے، وہ ایٹمی ملک 57 اسلامی ممالک میں پہلا ہے جو دنیا کی آنکھ میں کھٹک رہا ہے، افغانستان میں بھارتی بائیس کونسل خانہ کھولنے کا ایک مقصد ہے، اور وہ یہ بزدلانہ کارروائیاں ہیں جو وہ کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتٗگردی میں ہمارے اپنے لوگ سہولت کار بنے ہوئے ہیں، جعفر ایکسپریس جس میں خواتین بچے اور چھٹیاں منانے لوگ جا رہے تھے، تو ایسے میں یہ واقعہ رونما ہوتا ہے جو کہ دنیا میں تیسرا بڑا واقعہ ہے۔ آج بھارت بلوچ، پختون اور پنجابی کی تقسیم کر کے ملک کو عدم استحکام کا شکار بنانے کیلئے اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے، سی پیک دنیا کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے، اب دوبارہ معاشی طورپر مضبوط ہو رہے ہیں، اور اس راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن کر کے پھنسے لوگوں کو نکالنا دیدنی ہے جس پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہیں سلام پیش کریں گے۔ چار سو ستائیس مسافروں کو شہید کرنے کےلیے خود کش حملہ آور آئے تھے، کمانڈوز نے ٹرین کے اندر ایک بھی خود کش حملہ آور کو پھٹنے نہ دیا، پوری قوم کو کھڑا ہونا پڑے گا۔
وزیر ریلویز نے کہا کہ وزیر اعظم، چیف آف آرمی سٹاف، بلوچستان اسمبلی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ باغیوں کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا، جتنے دہشت گرد پاکستان کے اندر موجود ہیں، یہ دہشت گرد جہاں بھی بھاگ کر جائیں گے انہیں نہیں چھوڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس حملہ کی مذمت تو امریکہ چین نے بھی کی لیکن دشمنوں نے نہیں کی جو گفتگو کی گئی وہ ناقابل برداشت ہے۔ اب بھی وقت ہے سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر ملکی سلامتی کےلیے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوجائیں۔
ریلوے کے بہت مسائل ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں سرسبز پاکستان ہو، ریلوے کا چارج لئے دس بارہ دن ہوئے ہیں، میرے کہنے پر ایم ایل ون شروع کرنے کا اعلان کرتے کان پک گئے ہیں، محکمہ ریلوے میں بروقت ٹرینیں کروائیں گے صفائی شفافیت کو یقینی بنائیں گے اس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔
