ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور کے گورنمنٹ پرائمری سکول زرگر آباد کے پرنسپل پر شہری کا شدید تشدد، پرنسپل پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کر دی، اس دوران پرنسپل کی ناک ٹوٹ گئی۔
ذرائع کے مطابق پرنسپل کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، بپھرے شہری سے اساتذہ اور اہل علاقہ نے سکول پرنسپل کی جان بچائی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ تشدد کرنے والے شہری کے گھر کی ڈور بیل سکول کے بچے نے بجائی تھی، ا سکے بعد شہری بچے کو مارنے کے لئے سکول آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری نے بچے کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی ہے، جس کے خوف سے طالب علم نے سکول میں پناہ لی تھی۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے سکول پرنسپل پر شہری کا شدید تشدد کے واقعے کا نوٹس لے لیا گیا، ڈی ای او پشاور عرفان علی کے مطابق پرنسپل پر تشدد کرنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مذکورہ شخص سکول کے قریب مکان میں رہائش پذیر ہے۔
