قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس

دہشت گردی واقعات : قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: حکومت نے ملک میں پے در پے دہشت گردی واقعات کے پیش نظر پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کیلئے مشاورت شروع کر دی گئی ہے ۔
متوقع طورپر بدھ یا جمعرات کو بلائے جانے والے اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کریں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ عسکری قیادت اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پورے ہائوس کو سلامتی کمیٹی میں تبدیل کیا جائے گا، اجلاس میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی وجوہات پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی جبکہ تمام وفاقی وزرا اور پارلیمانی جماعتوں کے رہنمائوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں تیزی لانے سے متعلق فیصلے متوقع ہیں۔
اجلاس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پیش کردہ نیشنل ایکشن پلان ٹو کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔
اراکین کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دینے کے ساتھ ساتھ ان کے سوالات کے جوابات بھی دیے جائیں گے، جبکہ مستقبل کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ پنجاب نے کسانوں کی کمر توڑدی، گندم درآمد کرنا پڑے گی، مزمل اسلم