ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر فی لیٹر پیٹرولیم لیوی میں 10،10 روپے اضافہ کر کے عوام کو بڑے ریلیف سے محروم کر دیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق 16 مارچ سے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی بھی 60روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 70 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے، ڈیزل پر بھی لیوی 10 روپے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔
حکومت کے اس اقدام پر ڈیزل کی قیمت میں 10روپے کا متوقع ریلیف بھی لیوی کی نذر ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کے باوجود وفاقی حکومت نے اگلے 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
