جام مہتاب کی گاڑی پر فائرنگ

گھوٹکی میں ایم پی اے جام مہتاب کی گاڑی پر فائرنگ، گارڈ اور ڈرائیورجاں بحق

ویب ڈیسک: سندھ کے ضلع گھوٹکی میں رکن سندھ اسمبلی جام مہتاب کے قافلے پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا، فائرنگ کے نتیجے میں گارڈ اور ڈرائیور جاں بحق جبکہ 2گارڈ شدید زخمی ہوئے۔
رکن صوبائی اسمبلی جام مہتاب پر ڈہرکی نرلی پل کے مقام پر مسلح افراد نے حملہ کیا، اس دوران جام مہتاب حسین کا ایک گارڈ اور ڈرائیور جاں بحق ہوگیا، حملے کے دوران جام مہتاب حسین محفوظ رہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جاں بحق گارڈ اور ڈرائیور کی نعش اور زخمیوں کو ڈہرکی ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں سے زخمیوں کو شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان منتقل کردیا گیا۔
ترجمان جام ہاؤس کے مطابق جام مہتاب حسین ڈہر اپنی زرعی زمینوں پر گئے ہوئے تھے جبکہ ایم پی اے جام مہتاب حسین ڈہر کا کہنا ہے کہ ہماری گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی ہے، تین سے 4افراد زخمی ہوئے ہیں، پولیس کو طلب کیا گیا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ مجھ پرحملہ سابق رکن صوبائی اسمبلی شہریارشرنے کیا ہے، ہم شہریارشر سے اس کا بھرپورانتقام لیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ایم پی اے جام مہتاب ڈہر کے قافلے پر فائرنگ کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے۔

مزید پڑھیں:  پی ایس ایل 10: کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 56رنز سے ہرا دیا