مودی کے بیان کو مسترد

پاکستان نے مودی کے بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا

ویب ڈیسک: پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کو یکطرفہ اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اس حوالے سے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کے ریمارکس گمراہ کن اور یکطرفہ ہیں، دوسروں کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے بھارت کو بیرون ممالک ٹارگٹ کلنگ پر غور کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مودی جموں و کشمیر کے تنازع کو آسانی سے چھوڑ دیتے ہیں، مسئلہ کشمیر ہندوستان کی یقین دہانیوں کے باوجود گزشتہ 7 دہائیوں سے حل طلب ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ہندوستان کو دوسروں پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے اپنے ریکارڈ پر غور کرنا چاہئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کشمیر کے بنیادی تنازع سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ نتیجہ خیز مذاکرات کی وکالت کی ہے، جنوبی ایشیا میں امن و استحکام بھارت کے سخت رویے اور تسلط پسندانہ عزائم کا یرغمال بنا ہوا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بھارت سے نکلنے والا پاکستان مخالف بیانیہ دو طرفہ ماحول کو خراب کرتا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نے پوڈ کاسٹ کے دوران ریمارکس دیئے تھے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے حکم پر فلسطینی صدر اور حماس آمنے سامنے