ویب ڈیسک: ڈونیڈن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ، جبکہ دوسرا ٹی 20 کیویز کے نام رہا، اس کے ساتھ ہی میزبان کیویز کا قومی ٹیم کیخلاف کامیابیوں کا سفر جاری ہے۔
ڈونیڈن میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس بارش کے سبب تاخیر سے ہوا، نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ صرف ایک رن پر گری، قومی اوپنر حسن نواز کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے، جبکہ محمد حارث بھی زیادہ دیر کیویز بولرز کا سامنا نہ کر سکے اور 19 کے مجموعی سکور پر 11 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
شاہینوں کو تیسرا نقصان 50 کے مجموعی سکور پر ہوا، اس موقع پر عرفان خان 1 رنز کیساتھ آوٹ ہوئے، قومی ٹیم کی تیسری وکٹ کے بعد چوتھی وکٹ اس کے صرف دو رنز بعد گری، خوشدل شاہ ٹی کے مجموعی سکور پر میں صرف 2 رنز کا اضافہ ہی کر سکے۔
کیویز کے خلاف دوسرے ٹی 20 میں پاکستان کی پانچویں وکٹ 76 رنز پرگری، کپتان سلمان آغا نے سکور میں تیزی سے اضافہ کرنے کی کوشش کی ، لیکن اس میں وہ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 28 گیندوں پر46 رنز بنا رکھے تھے۔
شاداب جو ایک تجربہ کار کرکٹر ہیں، ٹیم کے سکور میں صرف 26 رنز کا اضافہ کر سکے، اور 110 کے مجموعے پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ ان کی تجربہ کاری بیٹنگ میں رنگ نہ جما سکی۔
یوں کیویز بولرز کے آگے قومی ٹیم کی ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور شروع سے ہی خزاں رسیدہ پتوں کی طرح وکٹیں گنواتی رہی، اور اس دوران میزبان 135 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کی تجربہ کار ٹیم کو کامیابی کیلکئے صرف 136 رنز کا ہدف دے دیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سودھی، جیکب ڈفی، بین سیئرز، جیمز نیشم اور مائیکل بریسویل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
کیویز نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 136 رنز کا ہدف 14 ویں اوور کی پہلی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لیںڈ کے اوپنرز نے جارحانہ آغاز فراہم کیا اور 66 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی تاہم ٹم سیفرٹ 22 گیندوں پر 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں فن ایلین 38، مارک چیمپین ایک اور جیمی نیشم 5 رنز بناکر پویلین لوٹے، تجربہ کار بلے باز ڈیرل مچل نے 14 رنز جبکہ مچل ہے 21 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2 اور محمد علی، خوشدل شاہ، جہانداد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یوں دوسرا ٹی 20 کیویز کے نام رہا جبکہ پاکستانی ٹیم کو 5 وکٹوں سے مات کھانی پڑی.
قبل ازیں میزبان نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جبکہ ڈونیڈن کے یونیورسٹی اوول کرکٹ گراؤنڈ میں بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہو گئی تھی جس کی وجہ سے میچ تاخیر کا شکار ہوا، امپائرز نے میچ 15،15 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی کے بعد نیوزی لینڈ کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
