ویب ڈیسک: قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس شروع ہوگیا، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت اہم سیاسی و عسکری قیادت شریک ہے، جبکہ تحریک انصاف اراکین اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، صرف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اپنے صوبے کی نمائندگی کرتے ہوئے شریک ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہو گیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی عاصم ملک پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف، وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور اور وزیرِ دفاع خواجہ آصف بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔
گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان، سمیت خیبرپختونخوا کے گورنر اور چاروں صوبوں کے آئی جی پولیس سمیت وفاقی کابینہ کے 38 اراکین قومی اسمبلی، پیپلز پارٹی کی جانب سے 16 اراکین پارلیمنٹ بلاول بھٹو کی سربراہی میں شریک ہیں، مسلم لیگ ق کے 2 اراکین، استحکام پاکستان پارٹی کے عبدالعلیم خان اور نیشنل پارٹی کے سینیٹر جان محمد، مسلم لیگ ضیاء کے اعجازالحق اجلاس میں شریک ہیں۔ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی بشیر خان ایوان پہنچے اور کچھ دیر رکنے کے بعد واپس چلے گئے.
اجلاس میں سپیکر ایاز صادق نے افتتاحی کلمات اور شرکاء کو خوش آمدید کہا اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کے خطاب سے کمیٹی اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی۔ اجلاس میں ڈی جی آئی بی کی بریفنگ کے بعد بلاول بھٹو اور دیگر پارلیمانی لیڈر اظہارِ خیال کریں گے، اجلاس میں تقاریر کے بعد سوال و جواب کا بھی سیشن ہو گا، اجلاس میں عسکری قیادت اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان سوالات کے جوابات دیں گے۔
