ویب ڈیسک: دہشت گردوں کیخلاف خیبرپختونخوا پولیس متحرک کردار ادا کرنے لگی ہے، گزشتہ ہونے والی ان کارروائیوں کے دوران تین دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی بنوں کی خفیہ معلومات کی بنا پر آپریشن میں 2دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے، دونوں ہلاک ہونے والے دہشت گرد پولیس کانسٹیبل ارمان خان پر حملے میں ملوث تھے، جن میں ابراہیم ضرار گروپ کا نائب امیر حکیم اللہ عرف شعیب بھی شامل تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی بنوں نے چند گھنٹوں کے اندر اندر حملے میں ملوث دہشت گردوں کا سراغ لگا کر ان کو مار ڈالا، ادھر چارسدہ پولیس کی بروقت جوابی کارروائی میں انتہائی مطلوب دہشت گرد جاوید خان ولد محمد اختیار سکنہ اخوندان نورڑ بنوں بھی ہلاک کر دیا گیا۔
ہلاک ہونے والے اس دہشت گرد سے ہینڈ گرنیڈ اور پستول سمیت پرائما کارڈ اور سیفٹی فیوز برآمد ہوئے، ہلاک دہشت گرد پولیس اہلکار کو قتل، اقدام قتل و ٹارگٹ کلنگ کے دیگر متعدد مقدمات میں مطلوب تھا اور علاقے میں دہشت گردانہ کارروائی کی غرض سے موجود تھا۔
آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے سی ٹی ڈی بنوں ریجن، بنوں پولیس اور چارسدہ پولیس کے شیردل جوانوں کی بہترین کارکردگی پر انہیں داد دی اور ان کی تعریف کی، اور کارروائیوں میں حصہ لینے والے جوانوں کے لیے نقد انعامات کا اعلان کیا۔
آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ پولیس کے جوانوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، خیبر پختونخوا پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف مسلسل کامیابیاں مستعدی اور پروایکٹیو پولیسنگ کی زندہ مثال ہے۔ یاد رہے کہ دہشت گردوں کیخلاف خیبرپختونخوا پولیس متحرک کردار ادا کرنے لگی ہے، گزشتہ ہونے والی ان کارروائیوں کے دوران تین دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔
