ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں بینچ مارک کے ایس ای 100انڈیکس 1,000پوائنٹس کے قریب اضافے کے ساتھ 117,974.02کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
کاروباری سیشن کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 118,243.63 کی انٹرا ڈے بلند ترین سطح تک پہنچا، تاہم اختتام پر 972.93 پوائنٹس یا 0.83 فیصد اضافے کے ساتھ 117,974.02 پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیز، او ایم سیز، پاور جنریشن اور ریفائنری کے شعبوں میں نمایاں خریداری دیکھی گئی۔
انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والے اسٹاکس جیسے کہ پی آر ایل، این آر ایل، حبکو، پی ایس او، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، ایچ بی ایل، این بی پی اور یو بی ایل مثبت زون میں رہے۔
