ویب ڈیسک: دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق 4 روزہ دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی، اس دوران دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دورہ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کے وفد میں اسحاق ڈار، مریم نواز اور وفاقی وزرا سمیت آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات کے دوران جہاں دیگر مسائل پر بات چیت کی گئی ، وہیں پاک سعودی سرمایہ کاری اور تجارتی امور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں کی پاک سعودی عسکری تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ یاد رہے کہ دورے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت دیگر وفاقی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، وزیراعظم کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرے گا، عالمی اور علاقائی پیش رفت بالخصوص غزہ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
