ویب ڈیسک: پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا عمران خان سے تعلق کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ تین بڑے سوشل میڈیا اکاونٹس ہیں جو کہ بیرون ملک سے چلائے جاتے ہیں، اور اس میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے ذریعے پیغام رسانی کا کام ہوتا ہے، وہی ہیں جو عمران خان کے پیغامات بھجواتی ہیں جو آگے چل کر مشتہر ہوتے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے حوالے سے کی گئی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس بیرون ملک سے عمران خان کے نامزد کردہ افراد کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں، جس سے نفرت انگیز پیغامات کی تشہیر کی جاتی ہے۔
تحقیقات کی بنیاد پر کسی بھی فوجداری نوعیت کی کارروائی کی صورت میں اثرات براہِ راست عمران خان پر مرتب ہوں گے کیونکہ جن سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے فوج اور ریاست مخالف مہم چلانے کے الزام کا انکشاف ہوا ہے وہ عمران خان کے ہیں۔
عمران خان اور علیمہ خان کے علاوہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ حتیٰ کہ پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم سمیت کسی بھی پارٹی رہنما کا ان اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلائے جانے والے مواد پر کوئی اثر و رسوخ نہیں، جبکہ ان اکاؤنٹس پر فالوورز کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
ذرائع نے الزام عائد کیا ہے کہ جبران الیاس اور اظہر مشوانی بیرون ملک سے عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس چلا رہے ہیں، جبران الیاس امریکا میں مقیم ہیں، ان کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ ہیں اور مختلف ویلاگرز اور سوشل میڈیا پر سرگرم افراد سے رابطوں میں رہتے ہیں۔
دوسری جانب اظہر مشوانی ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ پہلے تو پاکستان میں تھے، لیکن 9 مئی کے بعد جب پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن شروع ہوا تو وہ برطانیہ چلے گئے، یہ الزام بھی ہے کہ علیمہ خان اپنے بھائی عمران خان کی ہدایت پر پارٹی کے آفیشل سوشل میڈیا کیلئے بیانات بھیجتی ہیں۔
حال ہی میں آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے تاکہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی بدنیتی پر مبنی مہم کے حوالے سے تحقیقات کی جا سکے۔ اطلاعات ہیں کہ جے آئی ٹی نے تحریک انصاف کے 15 افراد کو نوٹس جاری کیے ہیں، ان میں سے کچھ پیش ہو چکے جبکہ کچھ نے تاحال جواب نہیں دیا۔
پی ٹی آئی کے جن لوگوں کو نوٹس جاری ہوا تھا اُن میں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر، حماد اظہر، سلمان اکرم راجہ، رؤف حسن، اسد قیصر، عون عباس اور وقاص اکرم شامل ہیں، دیگر میں فردوس شمیم نقوی، خالد خورشید خان، عالیہ حمزہ، کنول شوزب، تیمور سلیم خان، شاہ فرمان، شہباز شبیر اور میاں محمد اسلم شامل ہیں۔
پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا عمران خان سے تعلق کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ تین بڑے سوشل میڈیا اکاونٹس ہیں جو کہ بیرون ملک سے چلائے جاتے ہیں، اور اس میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے ذریعے پیغام رسانی کا کام ہوتا ہے، وہی ہیں جو عمران خان کے پیغامات بھجواتی ہیں جو آگے چل کر مشتہر ہوتے ہیں۔
