ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ اراکین کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں 188فیصد اضافے کی منظوری دے دی گئی ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزرا نے اپنی اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری منظور کرلی،وفاقی وزیروں اور وزرائے مملکت اور مشیروں کی تنخواہوں میں 188فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت کے الاؤنسز اور تنخواہوں کے ایکٹ 1975میں ترمیم کی گئی ،نئے بل کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر، وزیر مملکت اور مشیر کی تنخواہ 5 لاکھ 19 ہزار ہوگی۔
ترمیم 1975کے ایکٹ کی مختلف شقوں میں کی گئی، وزرا کے الاؤنسز، گاڑی، دفتر وغیرہ تنخواہوں کے علاوہ ہے، ترمیم کے بعد وزرا کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔
وفاقی وزیر کی تنخواہ میں 159فیصد جبکہ وزیر مملکت اور مشیر برائے وزیراعظم کی تنخواہوں میں بھی 188 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے، وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دے دی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کابینہ کے چار فروری کے اجلاس سے مذکورہ سمری کو آخری وقت میں ایجنڈے سے نکال دیا گیا تھا، کابینہ ایجنڈے سے سمری کو نکالنے کا مقصد عوام اور میڈیا تنقید سے بچنا تھا۔
