ویب ڈیسک: پشاور ہائی کورٹ میں خیبرپختونخوا میں امن وامان کی مخدوش صورتحال پر درخواست دائر کر دی گئی ہے، درخواست مفتی نورالبصر نے ملک سلیمان ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے، جس میں صدر پاکستان، وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت خیبر پختونخوا کی پولیس انتظامیہ کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے، امن و امان کی اس بدترین صورتحال کے باعث روزانہ کی بنیاد پر سیکیورٹی اہلکاروں اور عوام کی قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔ پشاور ہائی کورٹ میں دائر ہونے والی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ صوبے کے عوام گھروں کے اندر اور باہر محفوظ نہیں، وفاقی اور صوبائی حکومت عوام کو تحفظ دینے اور اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ کا کام عوام کی بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ہے، سپریم کورٹ نے امن و امان اور دیگر بنیادی حقوق سے متعلق فیصلے دیے ہیں، عدالت اس صورتحال میں الیکشن کمیشن کو وفاقی اور صوبائی حکومت تحلیل کرنے اور ملک میں نئے الیکشن کا انعقاد کرانے کی ہدایت کریں۔ یاد رہے کہ پشاور ہائی کورٹ میں خیبرپختونخوا میں امن وامان کی مخدوش صورتحال پر درخواست دائر کر دی گئی ہے.
