منشیات کے عادی شخص کا معمولی

منشیات کے عادی شخص کا معمولی تکرار پرساتھیوں پر دستی بم حملہ، 3 جاں بحق

ویب ڈیسک: پاراچنار میں منشیات کے عادی شخص کا معمولی تکرار پرساتھیوں پر دستی بم حملہ کے واقعے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاراچنار کے علاقے طوری قبرستان کے قریب زیر تعمیر گھر میں منشیات کے عادی شخص نے معمولی تکرار پرساتھیوں پر دستی بم سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ دستی بم کے پھٹنے سے تین افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا، جبکہ اس واقعہ میں زخمی ہونے والے شخص کو ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے، زخمی کی شناخت سید جواد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس آفیسر اشتیاق حسین کا کہنا تھاکہ دھماکے میں منشیات کے عادی لوگ متاثر ہوئے، زیر تعمیر عمارت میں موجود افراد منشیات کے عادی تھے اور آپس میں معمولی تکرار کے باعث ایک شخص نے باقیوں پر دستی بم سے حملہ کر دیا۔ جائے وقوع سے شباب نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاراچنار میں یہ واقعہ ڈنڈر روڈ ایک زیر تعمیر مکان میں ہوا ہے، جس سے تین افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ تمام نعشوں اور ایک زخمی شخص کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ اس واقعہ کے بارے میں مختلف پہلووں سے مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس واقعہ میں زخمی شخص سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی مزید کاروائی کی جائیگی۔

مزید پڑھیں:  عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست دائر