ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسٹیبلشمنٹ کیساتھ محاذآرائی ختم کرنے کیلئے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں، ان حالات میں پاکستان تحریک انصاف اپنے اتحادیوں کیساتھ مختلف آپشنز پر بات چیت میں مصروف ہے، تاکہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ کیساتھ محاذ آرائی کی سیاست ختم اور بانی چیئرمین کیلئے ریلیف حاصل کی جا سکے۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کے کچھ رہنماؤں سے کہا گیا ہے کہ وہ عمران خان کو وہ سیاسی ماحول ٹھنڈا کرنے پر قائل کرنے میں کردار ادا کریں، اسی لئے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے خواہاں علامہ راجہ ناصر عباس کو پارٹی رہنماوں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ عمران خان کو پارٹی کی معمول کی سیاست میں واپسی کیلئے ماحول کو بہتر پر قائل کرنے میں کردار ادا کریں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی اسٹیبلشمنٹ کیساتھ محاذآرائی ختم کرنے کیلئے کوششیں تیز کرنے کے حوالے سے بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پارٹی اپنے اتحادیوں سے مختلف آپشنز پر بات کر رہی ہے، تاہم انہوں نے میڈیا کو اس بات چیت کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
پی ٹی آئی اگرچہ عید کے بعد حکومت کیخلاف احتجاج کا نیا مرحلہ شروع کرنے کی بات کر رہی ہے، تاہم کئی رہنما ایسے ہیں جو گزشتہ چند برسوں کی محاذ آرائی کی سیاست دہرانا نہیں چاہتے، جس کا عمران خان سمیت پارٹی قیادت کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
