ویب ڈیسک: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ امریکی ویزا کے جائزے اور سفری پابندیاں لگانے کی آج ڈیڈ لائن نہیں ہے، سفری پابندیوں کی تفصیلات تحقیقات کے بعد سامنے لائی جائیں گی۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ سفری پابندیاں لگانے کی آج ڈیڈ لائن نہیں ہے، بلکہ اس حوالے سے تفصیلات تحقیقات کے بعد سامنے لائی جائیں گی، پہلے تو یقینی بنایا جائیگا کہ امریکا آنے والے غیر ملکی مسافر امریکی قومی سلامتی اور پبلک سیفٹی کیلئے خطرہ نہ ہوں۔
ٹیمی بروس نے کہا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، صدر ٹرمپ ایران پر بھر پور دباؤ ڈال رہے ہیں، چاہتے ہیں کہ ایران دنیا میں دہشت گرد گروپوں کی حمایت بند کر دے، جبکہ دوسری طرف امریکہ شام کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ شام کے عبوری صدر احمد الشرع تمام شہریوں کے حقوق کا خیال رکھیں جبکہ امریکا اپنے شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
