نجی سکولوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

پشاور: میٹرک امتحانات کیلئے اضافی فیس لینے والے نجی سکولوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

ویب ڈیسک: صوبائی حکومت نے والدین کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے میٹرک امتحانات کیلئے اضافی فیس لینے والے نجی سکولوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں نجی سکولوں کی جانب سے میٹرک امتحانات کے دوران طلباء سے مقررہ فیس سے زیادہ فیس وصول کی شکایات سامنے آئی تھیں ۔
کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پشاور تعلیمی بورڈ کے چیئرمین کی جانب سے اجلاس کے دوران انکشاف کیا گیا کہ میٹرک کے امتحان کے لیے بورڈ کی جانب سے 2600 روپے فیس مقرر کیا گیا ہے تاہم بیشتر پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے مقررہ شرح سے زائد فیس طلبا و طالبات سے وصول کیا گیا ہے۔
کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے بورڈ چیرمین کو ان اسکولوں کی فہرست ڈپٹی کمشنرز کو فراہم کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے ہمراہ زائد فیس وصول کرنے والے اسکول مالکان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔
انہوں نے طلبا و طالبات سے وصول کی گئی زائد فیس واپس کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

مزید پڑھیں:  ٹیرف معاہدے کیلئے امریکی پریشر کا کوئی اثر نہیں، چین