ویب ڈیسک: غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے ، خان یونس کے ناصر ہسپتال پر تازہ بمباری کے نتیجے میں حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اسماعیل برہوم سمیت 5افراد شہید ہو گئے جس کے بعد شہداء کی تعداد 16ہو گئی ۔
وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی میزائل ہسپتال کے سرجری ڈیپارٹمنٹ پر گرا، جس سے شدید نقصان پہنچا،سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں ہسپتال کی تیسری منزل پر آگ بھڑکتی دیکھی جا سکتی ہے، تاہم ان کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
اسرائیلی فوج نے حملے کا دفاع کرتے ہوئے دعوی کیا کہ یہ ایک "کلیدی دہشت گرد” کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا، تاہم نشانہ بنائے گئے شخص کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب خان یونس اور رفح میں جاری اسرائیلی بمباری سے آج کے شہدا کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔
الجزیرہ کے مطابق خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے خیمے اور گھروں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں کم از کم 6 افراد شہید ہوئے، جبکہ ماعن کے علاقے میں اسرائیلی فوج کے حملے میں مزید 4 افراد جاں بحق ہوئے۔
اس کے علاوہ 6 فلسطینی اسرائیلی حملے میں اس وقت زخمی ہوئے جب ان کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
