ویب ڈیسک: بنوں ریڈ زون میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا ،ورثاء نے تدفین سے انکار کردیا ۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق 24مارچ 2025 کو دوپہر 1بج کر 15منٹ پر بنوں کینٹ میں دو موٹر سائیکل سواروں نے ہائی سکیورٹی میں بغیر اجازت داخل ہونے کی کوشش کی۔
4 مارچ کو بنوں کینٹ پر ہونے والے حملے کے بعد سڑک مرمتی کاموں کی وجہ سے بند تھی اور یہ علاقہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر عام آمد و رفت کے لیے ممنوع تھا اور وہاں سخت حفاظتی اقدامات نافذ تھے۔
ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران موٹر سائیکل سوار سکیورٹی فورسز فائرنگ کے زد میں آگئے جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حساس ترین علاقہ میں آمد پر عائد پابندی اور بار بار رکنے کا اشارہ کرنے کے باوجود نہ رکنے پر اہلکار نے کسی بڑے خطرے سے بچنے کیلئے یہ قدم اٹھایا ہے
انتظامیہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب علاقہ کے لوگوں نے واقعہ کے خلاف احتجاج کیاورثاء اور مظاہرین نے نعش کی تدفین سے انکار کردیا ہے ۔
