ویب ڈسیک: وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کےحق کو یقینی بنانا سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے۔
یو این مشن کے اعلامیے کے مطابق پاکستان نے سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھایا اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سلامتی کونسل پر تنازعات کی بنیادی وجوہات حل کرنے پر زور دیا ہے۔ سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ مسئلہ جموں وکشمیر بدستور سلامتی کونسل کےایجنڈے پر موجود ہے، اس لئے کشمیری عوام کےحق کو یقینی بنانا اور اس مسئلے کا منصفانہ اور حتمی حل نکالنا ہوگا۔
طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام سے استصوابِ رائے کے ذریعےحق خود ارادیت کے حصول کا وعدہ کیا گیا تھا، اب یہ سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کے اس حق کو یقینی بنائے، سلامتی کونسل تنازع کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کرے۔
وزیراعظم کے معاسن خصوصی نے سلامتی کونسل کے شرکا کو بتایا کہ پاکستان سب سے طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے ممالک میں شامل ہے، پاکستان امن قائم کرنے والے کمیشن کا بانی رکن بھی ہے۔
