ویب ڈیسک: ضلع ہنگو کے علاقے شناوڑی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی اور ہنگو پولیس کا مشترکہ آپریشن ہوا، آپریشن کے دوران دہشتگرد کمانڈر سعید کو ہلاک کر دیا گیا۔
ہنگو پولیس نے بتایا ہے کہ اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی اور ہنگو پولیس نے علاقہ شناوڑی کے مقام پر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا، اس دوران دہشتگردوں کے ساتھ 2 گھنٹے تک فائرنگ تبادلہ ہوا۔ اس کارروائی کے دوران ٹی ٹی پی دہشتگرد کمانڈر سعید ولد سنت خان سکنہ گلباغ ہنگو ہلاک کر دیا گیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر قریبی پہاڑوں میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ہلاک دہشتگرد شہید پولیس اہلکار قدرت اللہ کی شہادت میں بھی ملوث تھا، آپریشن کے دوران ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، دو ہینڈ گرنیڈ اور ایک افغان سم کارڈ بھی برآمد ہوا، جبکہ دوسری طرف فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ یاد رہے ضلع ہنگو کے علاقے شناوڑی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی اور ہنگو پولیس کا مشترکہ آپریشن ہوا.
