ویب ڈیسک: سٹی ٹریفک پولیس پشاور کا شہداء کے بچوں کیلئے افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، اس دوران آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی ہدایت پر شہداء کے بچوں کو روایتی پگڑیاں پہنائی گئیں، جبکہ انہیں کپڑے اور تحائف بھی دیئے گئے۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی ہدایت پر چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان کی نگرانی میں ٹریفک لائن باچا خان چوک میں خصوصی افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں ایس پی ہیڈکوارٹرز ارباب شفیع اللہ جان سمیت دیگر افسران و عہدیداران نے شرکت کی۔
اس دوران ٹریفک حکام نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے شہید افسران اور اہلکاروں کے بچوں کو روایتی پگڑیاں پہنائیں جبکہ انہیں کپڑے اور تحائف بھی دیئے اور ان میں شیلڈز بھی تقسیم کئے گئے۔
چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے شہداء کے لواحقین خود کو تنہا نہ سمجھیں، ہم ہر موقع پر ان کے ساتھ ہیں، سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے شہید ہونے والے اہلکار پولیس فورس کے ہیروز ہیں جن کی قربانیوں کو کسی طور پر نہیں بھولا جا سکتا۔
