نجی تعلیمی اداروں کے امتحانی مراکز

خیبرپختونخوا: نجی تعلیمی اداروں کے امتحانی مراکز سرکاری اداروں میں منتقلی کافیصلہ

ویب ڈیسک: رواں سال ہونے والے ایس ایس سی سالانہ امتحانات کیلئے خیبرپختونخوا میں نجی تعلیمی اداروں کے امتحانی مراکز سرکاری اداروں میں منتقلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے یہ اقدام نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لیے امتحانی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اٹھایا گیا ہے، کیونکہ سرکاری سکولوں میں امتحان دینے کے خواہشمند طلبہ کی بڑی تعداد کے باعث گنجائش کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایات پر تمام ثانوی تعلیمی بورڈز نجی اداروں کے امتحانی مراکز کو سرکاری کالجوں میں منتقل کریں گے۔ اس حوالے سے تمام سرکاری کالجوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ امتحانی مراکز کے قیام میں متعلقہ بورڈز کی معاونت کریں۔
اس اعلامیہ کی کاپی تمام علاقائی ڈائریکٹرز اور جے ایم سی کوآرڈینیٹرز کو ارسال کردی گئی ہے تاکہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں کے کالجز میں ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ تمام بورڈ چیئرمینوں، ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ہائر ایجوکیشن کے متعلقہ افسران کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام تعلیمی شفافیت اور امتحانی عمل میں بہتری کے لیے کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کا ریلیف آئی ایم ایف کی رضامندی سے مشروط