ارباب نیاز سٹیڈیم کی تیاری پر اطمینان

پی ایس ایل ٹیم کی پشاور آمد :ارباب نیاز سٹیڈیم کی تیاری پر اطمینان کا اظہار

ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ کی ٹیم (پی ایس ایل ٹیم )نے پشاور کا دورہ کرکے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔
پشاور میں نمائشی میچ کے انعقاد کیلئے آج چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان سوپر لیگ کیساتھ محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کا اجلاس ہوگا جس کے بعد تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی جائے گی ۔
گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کی دو رکنی ٹیم نے پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا ٹیم کا ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا دورہ ہے 21مارچ کو ہونیوالے دورے میں ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں جاری کام میں چند امور کی نشاندہی کی گئی تھی ۔
گزشتہ روز ہونیوالے اجلاس میں ٹیم نے سٹیڈیم کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کھیل خیبر پختونخوا عبدالناصر نے ٹیم کو بریفنگ دی میدان میں درکار اشیاکی خریداری اور فرنیچر سمیت تمام درکار سامان کی فراہمی پر ٹیم کو آگاہ کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی ٹیم نے پیش رفت کو مثبت قرار دے دیا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں 8اپریل کو نمائشی پیچ کا اعلان کیا ہے جو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے درمیان کھیلاجائیگا ۔
میچ کے دن کے انتظامات سے متعلق محکمہ کھیل کے حکام کا آج چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان سپر لیگ سلمان نصیر کے ساتھ مشترکہ اجلاس ہوگا جس میںتمام معاملات کو حتمی شکل دیدی جائیگی۔

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ: لاء کلرکس کی آسامیوں کا اعلان کر دیا گیا