ویب ڈیسک: جمعیت علما اسلام (س ) کے مرکزی امیر مولانا عبدالحق ثانی نے کہاکہ مولانا حامد الحق کی شہادت کی تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہ ہونا ریاست کی اہلیت پر سوالیہ نشان ہے ۔
مختلف اضلاع سے آئے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (س) کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا حامد الحق کی کی شہادت پاکستان میں اسلامی انقلاب کے لئے ایک نوید ثابت ہوگی، پاکستان اور اسلام دشمن طاقتیں ان کے مشن اور نظریہ کو ختم نہیں کرسکتی۔
مولانا عبدالحق ثانی نے کہاکہ مولانا حامد الحق کی شہادت کے بعد پوری قوم جس انداز میں ہمارے ساتھ ہمارے غم میں اٹھ کھڑی ہوئی ہے یقینا اس سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں، نوجوان طبقہ جس جذبے اور محبت کے ساتھ ہماری طرف دیکھ رہا ہے ان شا اللہ وہ دن دور نہیں کہ یہ اسلام پسند محب وطن نوجوان طبقہ ہمارے ساتھ مل کر وطن عزیز کی فلاح و بہبود ،ترقی و ظلم و جبر کے نظام کے خاتمے کے لئے میدان عمل میں ہوگا۔
مولانا عبدالحق ثانی نے کہاکہ مولانا حامد الحق شہید اور مولانا سمیع الحق شہید کا مشن جاری رہے گا،ان شا اللہ عید کے بعد جمعیت علمائے اسلام (س )کے زیراہتمام ملک بھر میں مولانا حامد الحق شہید کی یاد میں تعزیتی کانفرنسوں کا اہتمام کریں گے اور جمعیت علمائے اسلام (س )کو بھرپور انداز میں منظم کریں گے۔
