بغضِ عمران میں جعلی حکومت

بغضِ عمران میں جعلی حکومت نے بیوروکریسی کو بھی تباہی کے دہانے کھڑا کردیا

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ بغضِ عمران میں جعلی حکومت نے بیوروکریسی کو بھی تباہی کے دہانے لاکھڑا کردیا، وفاقی بیوروکریسی کی حالیہ ترقیوں میں میرٹ کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔
انہوں ںے کہا کہ اہل افسران کو نظر انداز کر کے اپنی طرح نااہل افسران کو ترقی دی گئی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے اپنے پسندیدہ افسران کو ترقی دے کر میرٹ کی پامالی کی، اور گریڈ 19 سے 22 تک ترقیوں کو نااہل اور من پسند افسران میں بانٹ دیا گیا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ جونیئر اور نااہل افسران کو سینئر اور اہل افسران پر فوقیت دی گئی، جبکہ ترقی کی واحد شرط عمران خان اور پی ٹی آئی کو دبانا تھی، اس میں جو افسر پی ٹی آئی کے خلاف فسطائیت میں حکومت کا ساتھ دے رہا ہے، اسے ترقی دی گئی۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ جنہوں نے فسطائیت کا ساتھ دینے سے انکار کیا، انہیں نظر انداز کر دیا گیا، بغضِ عمران میں جعلی حکومت نے بیوروکریسی کو بھی تباہی کے دہانے لاکھڑا کر دیا، عدلیہ کے بعد اب بیوروکریسی کو بھی کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  سندھ طاس معاہدہ ختم ہوا تو پاکستان تمام معاہدےختم کرسکتاہے،نائب وزیراعظم