ویب ڈیسک: وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عیدالفطر ہمیں دوسروں کیساتھ خوشیاں بانٹنے کا درس دیتی ہے، معاشرے کے تمام مخیر حضرات اپنے آس پاس ناداروں اور ضرورت مندوں کا بھر پور خیا ل رکھیں اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کریں.
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عیدالفطر کی نماز ڈی آئی خان میں ادا کی، اس موقع پر ملک کی سلامتی اور خوشحالی، قومی یکجہتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد وزیر اعلی نمازیوں سے عید ملے اور ان سے عید کی مبارکباد وصول کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پوری قوم باالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام اور سمندر پار پاکستانیوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ عید الفطر کا تہوار اللہ تعالی کی طرف سے مسلمانوں کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے، جو رمضان کے پورے مہینے میں روزوں اور دیگر عبادات کے صلے میں عطا کیا گیا ہے، جس کے لئے اللہ تعالی کی ذات کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ الامین ہاؤس ڈیرہ اسماعیل خان میں عید الفطر کی نماز ادا کرنے کے بعد عوام سے ملنے کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عید الفطر ملت اسلامیہ میں اجتماعیت اور یگانگت کی سوچ پیدا کرتی ہے، جبکہ آج بحیثیت قوم ہمیں اجتماعیت اور یگانگت کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید الفطر کا اصل فلسفہ یہ ہے کہ ہم اپنے آس پاس نادار لوگوں اور معاشرے کے محروم طبقوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور ایسا کرکے ہم نہ صرف عید کی خوشیوں کو دوبالا کرسکتے ہیں بلکہ اللہ تعالی کی رضا بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ معاشرے کے تمام مخیر حضرات اپنے آس پاس ناداروں اور ضرورت مندوں کا بھر پور خیا ل رکھیں اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کریں کیونکہ جس طرح روزہ ہمیں صبر وتحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے، اسی طرح وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عیدالفطر ہمیں دوسروں کیساتھ خوشیاں بانٹنے کا درس دیتی ہے،
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عید الفطرکا ایک اہم پیغام باہمی محبت و اخوت اور اتحاد کا بھی ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہم وطن عزیز میں امن و سلامتی اور قومی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنا سکتے ہیں.
