ویب ڈیسک: وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ڈیر اسماعیل خان میں ملاقاتوں کے دوران غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ترین لیڈر ہیں، اور انہیں پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ آف پاکستان نے صادق اور امین کا لقب دیا ہے۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان نے کینسر جیسے مہلک اور مہنگے علاج کے ہسپتال بنائے، جن میں ضرورت مندوں کو مفت علاج معالجہ فراہم کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ بانی پی ٹی آئی نے سیرت النبی صلی اللہ علییہ وآلہ وسلم کی تعلیمات عام کرنے کے لیے عالمی معیار کی یونیورسٹی بنائی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی حکومت کی بنیاد حضرت محمدﷺ کے اصولوں کے مطابق رکھی، اور انہوں نے ہی پاکستان میں ریاست مدینہ بنانے کا عملی نمونہ پیش کیا، سابق وزیراعظم چاہتے تھے کہ ملک میں مساوات، رحم، عدل و انصاف اور تکریمِ آدم سے آراستہ سماج قائم ہو۔
سردار علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق ریاست مدینہ کے قیام پر عمل پیرا ہے، جس سے عوام کو فائدہ پہنچے، عوام کو فائدہ پہنچانے اور ان کا درد دل میں رکھنے کی بنیاد پر ہی عمران خان پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ترین لیڈر شمار کئے جاتے ہیں۔
