ویب ڈیسک: پاکستان کے سفیر عاصم افتخارنے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کا منصب سنبھال لیا، انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو اپنی اسناد پیش کردیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عاصم افتخار کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، جبکہ اس موقع پر نومنتخب مندوب عاصم افتخار نے یو این منشور، کثیر الجہتی سفارت کاری کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
یاد رہے کہ منیر اکرم کی مدت پوری ہونے پر عاصم افتخارنے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کا منصب سنبھالا۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے مستقل مندوب منیر اکرم کے اعزاز میں پروقار الوداعی استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا، اور ان کو شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں نئے مستقل مندوب عاصم افتخار کا بھی پرتپاک استقبال کیا گیا، سفیر عاصم افتخار نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کا منصب سنبھالتے ہوئے کہا کہ وہ منیر اکرم کی بطور سفیر خدمات کو ہمیشہ سراہتے رہیں گے اور ان کے کام سے حاصل کردہ تجربات کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں گے۔
استقبالیہ تقریب میں پاکستان کے مختلف سفارتی عہدیداروں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی اور منیر اکرم کی خدمات کی تعریف کی۔
