ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے صوبے کو لوٹ لیا ہے اب تو ان کے اپنے بھی کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں ۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور نیشنل سیکورٹی کونسل کے اندر کچھ جبکہ باہر آکر کچھ کہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپورنے نیشنل سکیورٹی کونسل میں افغانستان کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی اب افغانستان وفد لے کر جانے کی بات کررہے ہیں ۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ 4اپریل کو صوبائی سیشن میں بہت سی چیزیں دیکھنے کو ملیں گی،ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر حکومت اسپیکر کے ذریعے سیشن بلاتی ہے، اس مرتبہ گورنر کو زحمت دینے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ صوبائی حکومت کے اسپیکر سے اجلاس بلانے پر تحفظات ہیں، ہم تو کہتے رہے ہیں کہ انہوں نے صوبے کو لوٹ لیا ہے، اب تو حکومت کے اپنے بھی کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کوئی کہتا ہے گندم کھا گئے کوئی کہتا ہے نوکریاں فروخت کر دیں، ان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی وزیراعلیٰ کے ذاتی ترجمان بنے ہوئے ہیں، کل اعظم سواتی نے اسپیکر بابر سلیم سواتی کو استعفی دینے کا کہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلے اپنے اندر اتحاد پیدا کریں پھر وفاقی حکومت کے خلاف مہم چلائیں، متحدہ کی طرح پی ٹی آئی کے بھی دو حصے ایک اسلام آباد ایک خیبرپختونخوا ہیں۔
