ویب ڈیسک: ضلع چارسدہ میں میٹرک امتحانات کیلئے سپرنٹڈنٹس کو ڈیوٹیاں اور سی سی ٹی وی کیمرے حوالے کر دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ اف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کے زیر اہتمام چارسدہ میں ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، اس دوران 8 اپریل کو شروع ہونے والے میٹرک امتحانات کیلئے سپرنٹڈنٹس کو ڈیوٹیاں اور سی سی ٹی وی کیمرے حوالے کر دیئے گئے۔
ورکشاپ میں پشاور بورڈ کے سیکرٹری مہدی جان خان، سیکرٹری ٹو کمشنر پشاور ڈاکٹر شبیر احمد، ڈپٹی سیکرٹری عالم زیب اور ڈپٹی کنٹرولر سلیمان نے بھی شرکت کی۔
سیکرٹری بورڈ نے اس موقع پر بتایا کہ اٹھ اپریل کو ہونے والے میٹرک امتحانات کو خوشگوار اور پرامن ماحول میں منعقد کرانے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لی گئی ہیں، امتحانی ہال میں بورڈ اتھارٹی کی کوارڈینیشن سے انسپکشن عملہ تعینات کیا جائے گا۔
سیکرٹری پشاور بورڈ مہدی جان خان نے امتحانی ماحول میں ہراسمنٹ کے حوالے سے افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ طلباء وطالبات بغیر کسی خوف وہراس کے پوری یکسوئی کے ساتھ امتحان دیں، حالیہ میٹرک امتحانات میں پشاور بورڈ کے زیر اہتمام تقریباً 192000 امیدوران امتحان دیں گے، جس کیلئے 715 ہال قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ چارسدہ میں 90 مردانہ، 60 زنانہ اور 15 کمبائنڈ ہال قائم کیے گئے ہیں، جبکہ 17 پرائیویٹ سکولوں کے ہالوں کو سرکاری سکولز میں منتقل کیا گیا ہے۔ پشاور بورڈ ہالوں میں طلباء وطالبات کو خوشگوار اور پرامن ماحول میں تمام تر سہولیات فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور بورڈ کی نظر میں تمام سکولوں کی ایک ہی حیثیت ہے اور کسی بھی سکول کو شکایات کا کوئی موقع نہیں دیں گے، ایڈیشنل چیئرمین پشاور بورڈ کمشنر ریاض محسود کا مقصد امتحانات کے پُرامن اور خوشگوار انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔
