ویب ڈیسک: ڈونلڈ ٹرمپ کی نئِی پالیسیوں کی بدولت امریکی سٹاک مارکیٹوں کا برا حال ہو گیا ہے، گزشتہ 2روز میں 60 کھرب ڈالر ڈوب گئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی کی بدولت امریکی سٹاک مارکیٹوں کا برا حال ہو گیا ہے اور گزشتہ صرف 2 روز میں سرمایہ کاروں کے 60 کھرب ڈالر سے زیادہ ڈوب گئے۔
2 روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے درجنوں ممالک پر جوابی تجارتی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، ان اقدامات سے شاید ہی دنیا کا کوئی خطہ بچ سکا ہو، یہاں تک کہ انٹارکٹیکا کے قریب وہ غیر آباد جزائر بھی اس ٹیرف کی زد میں آ گئے جہاں کے باسی صرف پینگوئنز ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ٹیرف کے اعلان کے بعد 2 روز میں سرمایہ کاروں کے سٹاک مارکیٹ میں لگے 60 کھرب ڈالر سے زیادہ کا سرمایہ ڈوب گیا، یہی نہیں امریکی ٹیرف کے بعد چینی مصنوعات کے یورپی منڈیوں کا رخ کرنے کا بھی امکان بڑھنے لگا ہے۔
امریی صدر کے اعلان کردہ ٹیرف کے بعد امریکی سٹاکس میں5 سال کی بدترین مندی دیکھنے میں آئی، ڈاؤ جونز میں 5 فیصد، ایس اینڈ پی 500 میں 4.6 فیصد اور نیسڈک میں 4.7 فیصد گراوٹ دیکھنے میں آئی۔
