تخت بھائی جرگہ کے دوران فائرنگ

تخت بھائی :گھریلو تنازعے پر جرگہ کے دوران فائرنگ ،2بھائی جاں بحق

تخت بھائی میں گھریلو تنازعے کے حل کیلئے منعقدہ جرگہ کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 2بھائی جاں بحق ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ تخت بھائی کے علاقہ قندارو کلی میں گزشتہ رات پیش آیا جہاں نوشہرہ اضاخیل سے شادی شدہ خاتون سعیدہ گزشتہ دو سال سے ناراض ہو کر اپنے والدین کے ہاں قندارو کلی میں آئی تھیں ۔
جرگے میں راضی نامے کی کوششوں کے دوران فائرنگ کرکے ناراض بیٹھی خاتون سعیدہ کے شوہر جنگریز اور ان کے بھائی خالد پسران فرید سکنہ نوشہرہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن تخت بھائی کے ایس ایچ او مراد خان پولیس نفری اور ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جنہوں نے متوفی کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو تخت بھائی منتقل کر دیا ۔
پولیس نے موقع پر کارروائی کر کے فائرنگ کے دوہرے واقعے میں ملوث دو ملزمان ناصر ولد بہادر سکنہ قندارو کلے تخت بھائی، عمر ولد جنگریز سکنہ اضاخیل نوشہرہ کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا ۔
:تخت بھائی پولیس نے مقتولین کے بھتیجے طارق ولد فرمان علی سکنہ چکدرہ کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر کے کیس کی مزید تفتیش شروع کردی ۔

مزید پڑھیں:  فیصلہ کرلیں سول نظام ناکام،کیسز فوجی عدالت کو بھیج دیں:جج آئینی بینچ