ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف سے پاکستانی اسٹاک مارکیٹ کریش کر گئی ،100انڈیکس 6ہزار 287پوائنٹس یعنی 5.29 فیصد نیچے آنے کے بعد کاروبار روک دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق ایک طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیرف کی جنگ نے دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس کا بٹہ بٹھادیا، وہی کاروبار کے آغاز پر ہی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے کو ملی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے بعد ٹریڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی، 100 انڈیکس میں 6 ہزار پوائنٹس سے زائد کمی ہوئی، جس کے بعد مارکیٹ ایک لاکھ 12 ہزار 504 پوائنٹس پر بند ہوگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 1800 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس ایک لاکھ 20 ہزار 793 پوائنٹس کی حد کو چھو گیا۔
کاروباری روز کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں اچانک مندی چھا گئی جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس 146 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 18 ہزار 791 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
