جوابی ٹیرف عائد کرنے کی تیاری

یورپی یونین کی امریکی مصنوعات پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کی تیاری

ویب ڈیسک: یورپی یونین نے صنعتی مصنوعات پر امریکا کو زیرو ٹیرف معاہدے کی پیشکش کرتے ہوئے جوابی ٹیکس عائد کرنے کی تیاری بھی کرلی ہے ۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یورپی یونین کے وزرائے تجارت کا لکسمبرگ میں اجلاس ہوا جس میں امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے لگائے گئے نئے تجارتی ٹیرف پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں یورپی یونین ٹریڈکمشنر کا کہنا تھا کہ امریکی مصنوعات پر جوابی ٹیرف عائدکرنے کی تیاری کرلی ہے، ٹیرف کے لیے مصنوعات کی فہرست پر یورپی پارلیمنٹ میں 9 اپریل کو ووٹنگ ہوگی، حتمی فہرست 15 اپریل کو منظور ہوگی ۔
یورپی یونین ٹریڈکمشنر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ٹرمپ کے عائد ٹیرف پر امریکا سے بات چیت پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ امریکا نے اسٹیل، ایلومینیم اور گاڑیوں کی درآمدات پر یورپی ممالک پر 416ارب ڈالر سے زائدکا ٹیکس لگایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی بات چیت میں امریکا کو گاڑیوں، دیگرصنعتی مصنوعات پر دو طرفہ صفر محصولات کی پیش کش کی ہے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں لکسمبرگ کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر مذاکرات سے مسئلہ حل نہ ہوا تو یورپی یونین کو مزید جارحانہ اقدامات کی ضرورت پڑے گی۔
آئرلینڈ، پولینڈ اور یورپی کمیشن کے نمائندوں نے بھی ٹیرف کے عالمی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ تمام رہنماں نے زور دیا کہ کشیدگی کم کرکے فوری مذاکرات کا آغاز ضروری ہے تاکہ عالمی معیشت کو مزید نقصان سے بچایا جاسکے۔
ڈچ وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کو امریکی ٹیرف کے جواب میں تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنیکی کوشش کرنی ہوگی۔
ڈچ وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ اسٹاک مارکیٹس کی صورتحال بتارہی ہیکہ اگر ہم نے فوری سخت ردعمل دیا تو کیا ہوسکتا ہے، ہمیں ایسا ردعمل دینا ہوگا جو کشیدگی کو کم کرے، لیکن اگر ضروری ہوا تو ہم جوابی اقدامات کے لیے بھی تیار ہیں تاکہ امریکیوں کو مذاکرات پر لایا جاسکے۔
یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وین ڈرلین پہلے ہی اس بات کا عندیہ دے چکی ہیں کہ یورپی یونین امریکا کے ساتھ صفر کے بدلے صفر ٹیرف پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔

مزید پڑھیں:  امریکی نائب صدر نے یوکرین میں ایٹمی جنگ کا خطرہ ظاہر کر دیا