ویب ڈیسک: امریکا نے پاکستانی طلبا کے لیے گلوبل انڈر گریجویٹ نامی اہم تبادلہ پروگرام بند کر دیا ۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے لیے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام (Global UGRAD) کا اختتام کر دیا گیا ہے۔
یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فانڈیشن ان پاکستان کے مطابق، یہ پروگرام گزشتہ 15 سالوں سے کامیابی کے ساتھ جاری تھا لیکن اب مزید پیش نہیں کیا جائے گا۔
یو ایس ای ایف پی نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ خبر خاص طور پر ان طلبا کے لیے مایوس کن ہو سکتی ہے جنہوں نے اس سال درخواست دی تھی اور اس موقع کا انتظار کر رہے تھے۔
گلوبل یوگرڈ پروگرام نے ہزاروں طلبا کو نہ صرف تعلیمی ترقی بلکہ ثقافتی تبادلے اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد دی۔
انہوں نے طلبا کے جذبے اور تعلیمی بہتری کے عزم کو سراہا اور کہا کہ اگرچہ یہ باب بند ہو رہا ہے، مگر طلبا دیگر تبادلہ پروگراموں اور وظائف کی تلاش جاری رکھیں جو ان کے خوابوں سے ہم آہنگ ہو سکتے ہیں۔
اعلامیے کے اختتام پر طلبا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔
