محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا ناکام

محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا چیف سیکرٹری کے احکامات پر عمل کرانے میں ناکام ،نجی امتحانی مراکز قائم

ویب ڈیسک: محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا میٹرک امتحانات کے حوالے سے چیف سیکرٹری کے احکامات پر عمل کرانے میں ناکام ، سرکار امتحانی مراکز کے ساتھ نجی مراکز بھی بنادئیے گئے۔
ذرائع کے مطابق پشاور اور مالاکنڈ تعلیمی بورڈز نجی سکولوں مالکان کے سامنے ڈھیر ہوگئے، صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے بھی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال سرکاری امتحانی مراکز سو فیصد نہیں کر پائے،زیادہ تر نجی سکولوں کے بچے سرکاری امتحانی مراکز میں امتحان دے رہے ہیں۔
دستاویز کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں 180 امتحانی مراکز سرکاری اور 180 ہی نجی اسکولوں میں قائم کیے گئے ہیں، ضلع خیبر میں 52 امتحانی مراکز پرائیویٹ سکولوں میں بنائے گئے۔
ضلع خیبر میں سرکاری مراکز کی تعداد صرف 28 ہیں، صوبے کے 8 تعلیمی بورڈز میں 6 میں مکمل سرکاری امتحانی مراکز بنائے گئے، پشاور اور مالاکنڈ بورڈز میں نجی سکولوں کا پلڑا بھاری رہا۔
صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی کا کہنا تھا کہ اس سال سرکاری امتحانی مراکز 100 فیصد نہیں کر پائے، زیادہ تر نجی اسکولوں کے بچے سرکاری امتحانی مراکز میں امتحان دے رہے ہیں، اگلے سال اس کمی کو بھی پورا کرلیں گے۔

مزید پڑھیں:  بنوں: ڈسٹرکٹ ہیلتھ افس سٹور سے لاکھوں روپے کی چوری شدہ ادویات برآمد