ویب ڈیسک: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے صوبائی دارالحکومت کراچی میں گزشتہ شب ڈمپرز جلانے اور سڑک بند کرنے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشتعال انگیزی سے صرف نقصان ہی ہوگا، جبکہ قانون کی بالادستی مقدم ہے۔
انہوں نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے ڈمپر حادثات کی تفصیلات طلب کرلیں۔ کامران ٹیسوری نے رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جبکہ اس دوران ان کا کہنا تھا کہ ہیوی ٹریفک اور اس سے ہونے والی اموات پر شہریوں کا غم و غصہ بجا ہے، تاہم قانون شکنی کسی صورت قبول نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ تمام شہری پرامن رہیں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے سے گریز کریں، ہمیں ہر صورت قانون کی بالادستی یقینی بنانا ہوگی، جبکہ اشتعال انگیزی سے صرف نقصان ہی ہوگا۔
