ویب ڈیسک: کراچی میں ٹریفک مسائل و حادثات نے لوگوں کا جینا حرام کر دیا، گزشتہ شب موٹرسائیکل سوار ڈمپر کی ٹکر سے زخمی ہو گیا، اس واقعہ کے فوری بعد مشتعل افراد نے 9گاڑیاں جلادیں۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی پاور ہاؤس کے قریب موٹرسائیکل سوار ڈمپر کی ٹکر سے زخمی ہوگیا، اس حادثے کے بعد طوفان کھڑا ہو گیا، مشتعل افراد نے مختلف علاقوں میں 9گاڑیاں کوآگ لگا دی، جن میں 5 ڈمپر اور 2 واٹر ٹینکر بھی شامل ہیں۔
نارتھ کراچی میں ڈمپر ڈرائیور متعدد مقامات پر موٹرسائیکل سوار افراد کو ٹکر مار کر فرارہوا تو شہریوں نے تعاقب کر کے اسے پکڑ لیا، اور ڈمپر ڈرائیور کو تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔
حادثے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، اور مشتعل افراد کو منتشرکرنے کیلئے پولیس نے شیلنگ کی، جس کے بعد کئی افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔ ڈمپر جلانے کے خلاف ڈرائیور بھی سڑکوں پر نکل آئے، اور سہراب گوٹھ میں احتجاج کیا، اس دوران ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
