ویب ڈیسک: دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے اہم فیصلے کئے گئے، اس دوران دہشتگردی پر نظر رکھنے کیلئے پولیس سپیشل ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذولفقارحمید کا کہنا تھا کہ دہشتگردی پر نظر رکھنے کیلئے پولیس سپیشل ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جنوبی اضلاع میں پولیس کی سپیشل ٹیم تشکیل دینے پر کام تیزی سے جاری ہے، اس دوران ہتھیاروں کی کمی کو پورا کرکے ایس ایم جیز خرید رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جدید اسلحہ بھی خرید رہے ہیں لیکن اس سلسلے میں تفصیلات پبلک نہیں کرسکتے، پولیس فورس کو مذید مضبوط بنانے کیلئے 9 اے پی سیز گاڑیاں فورس میں شامل کرنے جا رہے ہیں، ہم اس وقت دستیاب بہترین اسلحہ لے رہے ہیں اور مزید بھی خریدیں گے۔
آئی جی پولیس خیبرپختونخوا نے کہا کہ جنوبی اضلاع میں جہاں سیکورٹی ایشوز زیادہ ہیں، وہاں بلٹ پروف اور اے پی سی گاڑیاں دے رہے ہیں، جنوبی اضلاع میں پولیس کو ٹارگٹ سے بچانے کے لئے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے پر کام شروع کر دیا ہے۔
آئِی جی ذولفقارحمید کے مطابق محکمہ پولیس کی کمزور عمارتوں کی بناء پر حملہ اوروں کو مدد ملتی ہے، اس لئے ان کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ڈی آئی خان اور بنوں ریجن میں نئے پولیس لائنز اور تھانے بنارہے ہیں۔
