وزیراعظم بیلاروس پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف بیلاروس پہنچ گئے ،ائیر پورٹ پر شاندار استقبال

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف اپنے 2روزہ سرکاری دورے پر بیلاروس پہنچ گئے، جہاں ایئرپورٹ پر بیلاروس کے وزیراعظم الیگزینڈر تورچن نے پرتپاک استقبال کیا۔
بیلاروس میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام بھی وزیراعظم کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھے جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 10 سے 11 اپریل 2025 تک بیلاروس کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف بیلاروس کے صدر سے ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
توقع ہے کہ فریقین تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط کریں گے۔
واضح رہے کہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو گزشتہ برس نومبر میں 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے جبکہ بیلا روس کے وزرا اور کاروباری شخصیات پر مشتمل 68 رکنی وفد بھی پاکستان آیا تھا۔
دریں اثنا مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف بھی بیلاروس کے دورے پر پہنچ گئے ہیں، پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

مزید پڑھیں:  حج آپریشن کا آغاز ،پاکستان سے پہلی پرواز سعودی عرب پہنچ گئی