مفت کتب فراہمی کیلئے فنڈ

خیبر پختونخوا کابینہ:سرکاری سکولوں میں مفت کتب فراہمی کیلئے فنڈ کی منظوری

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کابینہ نے سرکاری سکولوں میں مفت کتب کی فراہمی کے لئے فنڈ کی منظوری دے دی ۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے شرکت کی ۔
کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے جس کا اعلامیہ جاری کردیاگیا ۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کابینہ اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے شعبہ تعلیم میں اقدامات کرتے ہوئے سرکاری سکولوں میں مفت کتابوں کی فراہمی کے لئے فنڈ کی فراہمی کی منظوری دے دی ۔
کتابوں کی معیاری چھپائی اور دوبارہ استعمال سے متعلق پلان تیار کر کے کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ اجلاس میں نئے تعلیمی سال میں داخلہ لینے والے بچوں کو مفت بستوں کی فراہمی کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیاجس کے لئے حکام کو پلان کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں تعلیم سے محروم رہ جانے والے بچوں کے داخلے کے لئے حکمت عملی ترتیب دینے پر غور کیا گیا جبکہ کابینہ نے ایسے بچوں کی بڑی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا۔
کابینہ اجلاس میں پی ٹی سی کونسلز کے لئے فنڈکابینہ اجلاس میں پیرنٹ ٹیچر کونسل کے لئے سالانہ فنڈ پانچ ارب سے بڑھا کر سات ارب کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی اس کے علاوہ پی ٹی کونسلز کے ذریعے فنڈ کے موثر استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔
مشیر اطلاعات کے مطابق کابینہ نے صحت سہولت کے تحت مفت ٹرانسپلانٹ و امپلانٹ سروس دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ کڈنی، لیور، بون میرو ٹرانسپلانٹ کا خرچہ حکومت برداشت کرے گی جبکہ کوکلئیر انپلانٹ کا خرچہ بھی حکومت برداشت کرے گی۔
کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ اگلے مرحلے میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کو صحت کارڈ میں شامل کیا جائے گاجبکہ علاج، تحقیق و صنعتی مقاصد کے لئے کینابیس پلانٹ کو استعمال میں لانے کے لئے رولز کی منظوری بھی دی گئی ۔
پشاور رنگ روڈپشاور رنگ روڈ وارسک ٹو ناصر باغ لنک کی تعمیر کے لئے نان اے ڈی پی سکیم اور مہمند ڈیم سے پشاور کو پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے واٹر سپلائی سکیم کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں نوجوانوں کو فنی مہارت کے مواقع فراہم کرنے کے لئے اپرینٹائسشپ رولز کی منظوری دی گئی، رولز کی منظوری سے نوجوانوں کو کارخانوں میں کام سیکھنے کے مواقع فراہم ہوں گے۔
مشیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے دینی مدارس کے لئے مختص گرانٹ کی رقم 30 ملین سے بڑھا کر 100ملین کرنے کی منظوری دی جبکہ خیبرپختونخوا گورنمنٹ سرونٹس ہاسنگ فانڈیشن ایکٹ 2025 کی منظوری بھی دی گئی۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کابینہ نے گورنر انسپکشن ٹیم اور صوبائی انسپکشن ٹیم کو ضم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا کہ قبائلی اضلاع کے انضمام کے بعد گورنر انسپکشن ٹیم کی افادیت نہیں رہی تھی جس کو اب صوبائی انسپکشن ٹیم میں ضم کردیا گیا۔
اس کے علاوہ کابینہ اجلاس میں صوبائی انسپکشن ٹیم کی کارکردگی مستحکم کرنے کے لئے کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔

مزید پڑھیں:  پشاور میں غیرقانونی نقشے پاس کرانے کا سکینڈل بے نقاب، چھان بین شروع